خیبر پختونخوا حکومت نے وکلا اور کسٹمز ایجنٹس پر پرسنٹیج کی بجائے فکس ٹیکس لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
فیصلے کا اطلاق آنے والے مالی سال میں کیا جائے گا جبکہ اس ضمن میں خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی صوبائی حکومت کو خیبر پختونخوا سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ 2022 میں ضروری ترامیم کے لیے سفارشات ارسال کرے گی۔
وکلا اور کسٹم ایجنٹس کو پرسنٹیج کی بجائے فکس ٹیکس میں ملانے کا فیصلہ گزشتہ روز وزیراعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے محکمہ خزانہ مزمل اسلم اور ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی فوزیہ اقبال کے مابین ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔
ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل کیپرا نےمشیر خزانہ کو ٹیکسز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور ان کو کیپرا سے متعلق مختلف امور میں کی گئی پیش رفت کے متعلق معلومات فراہم کی۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ ڈی جی کیپرا اور ان کی ٹیم صوبائی محکمہ خزانہ کو وکلا اور کسٹم ایجنٹس کو پرسنٹیج کی بجائے فکسڈ ٹیکس میں لانے کے لیے ضروری سفارشات مرتب کر کے ارسال کرے گی جس کے بعد خیبر پختونخوا سیلز ٹیکس آن سروسز ایک 2022 میں ضروری ترامیم کر کے وکلا اور کسٹمز ایجنٹس پر فکس ٹیکس لگایا جائے گا۔
اس موقع پر مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کا مقصد وکلا برادری اور کسٹمز ایجنٹس کے لیے ٹیکس ادا کرنے میں اسانیاں فراہم کرنا ہے۔واضح رہے کہ تاحال وکلاء پر 2 فیصد کے حساب سے سیلز ٹیکس آن سروسز لاگو ہے جبکہ کسٹمز ایجنٹس پر اس ٹیکس کی شرح 8 فیصد ہے۔ مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ ان کی نئی حکومت ٹیکس دہندگان کے لیے ہر ممکن اسانیاں پیدا کرنے کی لیے کوشاں ہے جس کے لیے مختلف اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ کلا اور کسٹم ایجنٹس کے ساتھ ساتھ شادی ہال اور بیوٹی پارلرز پر بھی پرسنٹیج کے بجائے فکسڈ ٹیکس لگایا جائے گا جس کے لیے قانون میں ضروری ترامیم کی جائیں گی۔انکا کہنا تھا کہ ان اقدامات کا مقصد زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹیکس کے دائرہ کار میں شامل کرنا ہے اور ان کے لیے ٹیکس جمع کرنے میں ہر ممکن اسانیاں پیدا کرنا ہے۔
اس موقع پر ڈی جی کیپرا فوزیہ اقبال کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کا عملہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے ان تاجر اور کاروبار دوست اقدامات کا خیر مقدم کرتے ہیں اور ہر ممکن کوشش کریں گے کہ ٹیکس دہندگان کے لیے جتنی ہو سکے اسانیاں پیدا کر سکیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نئے نظام میں وکلاء عدالت میں اپنا وکالت نامہ جمع کرتے وقت ہر مقدمے میں صرف ایک مرتبہ ایک فکسڈ رقم سیلز ٹیکس آن سروسز کی ادائیگی کے لئے جمع کریں گے جبکہ کسٹمز ایجنٹس ہر جی ڈی یعنی گڈز ڈیکلریشن پر ایک فکسڈ رقم کی ادائیگی کر کے اپنے سیلز ٹیکس آن سروسز کی ادائیگی کے فرض سے سبکدوش ہوں گے۔