نگران وزیراعلٰی سید ارشد حسین شاہ نے منگل کے روز گورنر ہاؤس میں ملاقات کی اور گورنر کو نگران حکومت کی کارکردگی سے متعلق آگاہ کیا۔ گورنر نے نگران وزیراعلٰی کو نگران صوبائی حکومت کی مجموعی بہترین کارکردگی پر سراہا اورکہاکہ نگران صوبائی حکومت نے معاشی نظم و ضبط،گڈ گورننس سمیت مجموعی طور پر بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔انہوں نے کہاکہ روزمرہ کے سرکاری امور کی انجام دہی میں نگران صوبائی کابینہ نے بہترین فرائض انجام دئے،آئینی فرائض کے مطابق نگران صوبائی حکومت کے ساتھ اپنا ہر ممکن تعاون یقینی بنایا۔
اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ نے حکومتی امور میں بھرپور تعاون کرنے پر گورنر کا شکریہ ادا کیا اورکہاکہ وفاق اور صوبائی حکومت کے درمیان بہتر ورکنگ ریلشنز برقرار رکھنے میں بطور گورنر حاجی غلام علی نے اہم کردار ادا کیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ نگران حکومت نے مختصر مدت میں صوبے کو مالی بحران سے نکالنے کے لئے بھر پور کوششیں کی اوربہتر ٹیم ورک اور دن رات محنت کے ذریعے مسائل کے حل میں کافی حد تک کامیاب رہی۔اس موقع پرگورنرنے نگران وزیراعلیٰ کوسوینئر اورتحفہ پیش کیا جبکہ نگران وزیراعلی ٰ نے بھی گورنر کو یادگاری شیلڈاورتحفہ پیش کیا۔
علاوہ ازیں گورنر سے نگران صوبائی وزیرجیل خانہ جات،سماجی بہبود،زکواۃ وعشر جسٹس (ر) ارشاد قیصر نے بھی گورنرہاوس میں الوداعی ملاقات کی اور اپنے شعبوں کی کارکردگی سے متعلق گورنر کو آگاہ کیا۔ گورنرنے جسٹس(ر) ارشادقیصر کو بہترین طریقے سے نگران کابینہ میں خدمات سرانجام دینے پرخراج تحسین پیش کیااوران کی کارکردگی کوسراہا۔ دریں اثناء گورنر سے جنوبی وزیرستان سے سابق رکن قومی اسمبلی مولاناجمال الدین کی قیادت میں 10 رکنی وفد نے بھی گورنرہاوس میں ملاقات کی۔ وفد میں مفتی جہانگیر، مولانارفیع الدین، مولاناعبدالمالک، مولاناحمزاللہ،ملک نقیب اللہ اوردیگرشامل تھے۔ وفد کے شرکاء نے گورنر کو علاقے کے عوام کودرپیش بعض مسائل سے آگاہ کیا اور ان مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کرنے کی درخواست کی جس پر گورنرنے فوری طور پرمتعلقہ حکام کو مسائل حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔
گورنرنے کہاکہ جنوبی وزیرستان سمیت تمام ضم قبائلی اضلاع میں صحت و تعلیم کے شعبوں سمیت مجموعی انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جا رہا ہے، قبائلی عوام کو پہلے سے زیادہ ریاست و ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑے ہونیکی ضرورت ہے۔گورنر نے ملک میں امن واستحکام کیلئے قبائلی عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ ملک دشمن عناصر اور ریاست و ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈہ کی روک تھام کیلئے اپنا کردار کریں۔