پشاور: پاکستان آرچری فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل وصال محمد خان نے کہاہے کہ آرچری دنیاکی بہترین اور روایتی و رومانی کھیل ہے اور اس کی ترقی پر دنیا بھر میں عام طور پر توجہ دی جارہی ہے ۔ پاکستان میں بھی اسے فروغ دینے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لارہے ہیں ۔
میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے پاکستان آرچری فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل وصال محمد خان نے بتایا کہ پاکستان میں آرچری کا مستقبل روشن ہو سکتا ہے اگر اس پر مزید توجہ دی جائے اور اس کے لئے معاشرتی اورمالی حمایت فراہم کی جائے ۔ کھلاڑیوں کو مختلف مقامات پر ملکر تربیت دینا اور انہیں بین الاقوامی میدانوں میںشرکت کیلئے مواقع دینے سے قومی کھلاڑیوں کے کھیل میں مزید نکھار آئے گا ۔
انہوں نے کہاکہ آرچری ہماری ثقافتی ورثہ کا حصہ ہے اور اس کو بڑھانے کا کام ہر حکومت اور خصوصاً آرچری فیڈریشن کا ہے جسکے لئے آرچری فیڈریشن احسن طریقے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کررہی ہے ۔ وصال محمد خان نے کہاکہ انشاءاللہ آرچری کے شعبے میں اور بھی ترقی ہوگی اور پاکستان کے کھلاڑی دنیا بھر میں اپنے ہنر کا اظہار کریں گے۔
انہوں نے پشاور میں آل پاکستان قوپن آرچری ٹورنامنٹ منعقد کرانے کا بھی اعلان کردیا ، جسکے لئے تیاریاں شروع کردی ہیں ۔