محکمہ کھیل خیبر پختونخواکے حکام کہتے ہیں کہ انکے پاس فنڈز نہیں ،جس کی وجہ سے کھیلوں کے مقابلے شیڈول کے مطابق جاری رکھنامشکل ہے ۔ پشاور کے قیوم سٹیڈیم ،حیات آباد سپورٹس کمپلیکس،سول کوارٹر، طہماس خان فٹ بال سٹیڈیم سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں واقع گراﺅنڈزمیں ڈیوٹیاں انجام دینے والے کوچزاور ڈیلی ویجزملازمین کئی ماہ قبل فارغ کردیئے گئے،اب زیر تربیت کھلاڑیوں کو ٹریننگ دینے کیلئے کوچز کی سہولت مسیر نہیں ،حالانکہ ان کھلاڑیوں سے ماہانہ فیس باقاعدگی سے وصول کی جارہی ہے۔
دوسری جانب محکمہ کھیل یعنی ڈائریکٹر یٹ آف سپورٹس خیبر پختونخواکے اہلکاروںنے ،،دل پشوری،، کرکے اپنی تفریح کیلئے کرکٹ میلہ منعقد کرایا۔اس میں ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس کے تمام کوچز (جن میں فارغ ہونیوالے کوچ بھی شامل ہیں)کے درمیان کرکٹ میچز کھیلے گئے ،اس میں ڈی جی سپورٹس خیبرپختونخوا عبداناصر نے نہ صرف شرکت کی بلکہ میچ بھی کھیلا۔ کھیلوں کے حلقوں اور ڈیلی ویجز ملازمین نے سپورٹس ڈائریکٹریٹ کے حکام کو کرکٹ میلے کے انعقاد پر شدیدتنقید کا نشانہ بنایااور کہاکہ کوچز اور ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہ اور صوبے میں کھیلوں کے مقابلوں کیلئے فنڈزنہیں ،لیکن انکی دل پشوری کیلئے پیسے ہوتے ہیں۔ انہوںنے آفسوس کا اظہار کیاکہ اس میلے میں ڈی جی سپورٹس نے بھی دل پشوری کی۔