صوبے میں بچوں کو پولیو سے تحفظ کیلئے معاشرہ میں آگاہی  کے حوالہ سے ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبر پختونخوا اور پشاور پریس کلب کے مابین مفاہمت کی یادداشت طے پا گئی

Feb 23, 2024

سپیشل سیکرٹری محکمہ صحت اور ایمرجنسی آپریشن سنٹر (ای او سی) خیبرپختونخوا کے کوآرڈینیٹر عبدالباسط نے کہا ہے کہ بچوں کو پولیو سمیت تمام بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے معاشرہ میں آگاہی اور شعور اجاگر کرنے میں میڈیا کا کردار بہت اہم ہے۔


انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کے روز پشاور پریس کلب میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا، تقریب میں صوبہ خیبرپختونخوا میں بچوں کو پولیو سے تحفظ کے لئے معاشرہ میں آگاہی اور شعور اجاگر کرنے کے حوالہ سے ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبر پختونخوا اور پشاور پریس کلب کے مابین مفاہمت کی یادداشت طے پا گئی جس پر سپیشل سیکرٹری ہیلتھ عبدالباسط اور پشاور پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک نے دستخط کئے۔ اس موقع پر عالمی ادارہ اطفال کی کمیونیکیشن افسر شاداب یونس، پشاور پریس کلب کے نائب صدر طیب عثمان، جنرل سیکرٹری عرفان موسی زئی، سابق صدر ایم ریاض، پریس کلب کی ہیلتھ کمیٹی کے چیئرمین ارشاد علی بھی موجود تھے۔


طے پا جانے والی مفاہمتی یادداشت کے تحت پشاور پریس کلب کو انورٹر ائیرکنڈیشنرز، پرنٹر اور فوٹو کاپیئر سمیت ضروری سامان و ایکوپمنٹ فراہم کیا جائے گا۔


اس موقع پر پشاور پریس کلب کے جنرل سیکرٹری عرفان موسٰی زئی نے کہا کہ پشاور پریس کلب کی موجودہ باڈی مختلف اداروں کے تعاون سے کلب میں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے۔ پشاور پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک نے کہا کہ پشاور پریس کلب صوبہ خیبرپختونخوا میں کارکن صحافیوں کا اعلی ترین ادارہ ہے، پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ تقریبا 600 ارکان قومی اور صوبہ کے مفاد کے مختلف امور پر موثر ترجمانی کرتے ہیں۔ اس موقع پر محکمہ صحت کے سپیشل سیکرٹری اور ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبرپختونخوا کے کوآرڈینیٹر عبدالباسط نے پشاور پریس کلب کا شکریہ اداء کیا اور کہا کہ معاشرہ میں شعور اور آگاہی میں میڈیا کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بچوں کو پولیو کے موذی مرض سے حفاظت کے قومی فریضہ میں صحافی موثر کردار اداء کریں گے۔ سپیشل سیکرٹری ہیلتھ نے اس موقع پر پشاور پریس کلب کو ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *